بغداد،29جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کے شمالی شہر موصل میں سکیورٹی فورسز نے سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے زیر قبضہ شہید تاریخی جامع مسجد النوری پر قبضہ کر لیا ہے اور اس کے ساتھ داعش کی نام نہاد حکومت کا بھی سقوط ہوگیا ہے۔داعش نے مبینہ طور پر گذشتہ بدھ کو قدیم موصل میں واقع اس تاریخی مسجد کو دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔قبل ازیں عراق کی خصوصی فورسز کے میجر جنرل سامی العریدی نے کہا ہے کہ ان کے دستے مسجد کی تباہ شدہ عمارت میں داخل نہیں ہوں گے اور اس کے بجائے اس کے آس پاس کے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کام کریں گے کیونکہ جنگجوؤں نے ممکنہ طور پر وہاں دھماکا خیز مواد نصب کررکھا ہے۔
عراقی فورسز دریائے دجلہ کے مغربی کنارے میں واقع داعش کے زیر قبضہ قدیم شہر میں باقی ماندہ علاقوں کو مفتوح کرنے کے لیے پیش قدمی کررہی ہیں۔مغربی موصل کا یہی علاقہ اب داعش کے زیر قبضہ رہ گیا ہے۔
عراق کی وزارت دفاع اور امریکا کی قیادت میں اتحاد نے گذشتہ ہفتے یہ اطلاع دی تھی کہ داعش نے تاریخی جامع مسجد النوری کو دھماکوں کے ذریعے شہید کردیا ہے۔ان کے بہ قول داعش کے جنگجوؤں نے مسجد النوری کے ڈھانچے اور مینار کی بنیادوں پر بارود نصب کردیا تھا اور پھر دھماکوں سے اس کو مسمار کردیا تھا مگر داعش نے اس الزام کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ امریکا کے ایک تباہ کن فضائی حملے کے نتیجے میں مسجد شہید ہوئی تھی۔